افتتاحی پروگرام

بروز سنیچر مؤرخہ 4/6/2020 کو بمقام، مسجد امین جامعۃ التوحید کھاڑی پار بھیونڈی میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کی مناسبت سے شعبہ عالمیت و شعبہ حفظ وتجوید کے طلباء اور فاضل اساتذہ کرام کی موجودگی میں گیارہ بجے سے صلاۃ ظہر تک ایک افتتاحی و تعارفی پروگرام منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت فضیلۃ الشیخ نثار احمد مدنی حفظہ اللہ نے فرمائی اور نظامت کی ذمہ داری شیخ عبدالرزاق محمدی حفظہ اللہ نے ادا کی۔

پروگرام کی غرض و غایت :-
طلبہ واساتذہ کے درمیان تقریب اور باہمی تعارف نیز طلبہ کیلئے تدریسی و تعلیمی عمل کو مؤثر بنانا اور افادہ و استفادہ کی فضا استوار کرنا ، علمی ماحول میں اپنی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرنا نیز قدیم و جدید طلبہ کو یہ بتلانا بھی مقصود تھا کہ جامعہ کے اندر جو مختلف تعلیمی و ثقافتی و تربیتی شعبہ جات سرگرم عمل ہیں ان تمام شعبہ جات کے مسئولین وذمہ داران اپنے اپنے فرائض منصبی سے طلبہ کو روشناس کراسکیں تاکہ جامعہ میں ایک معیاری اور معتبر تعلیمی ماحول کی طرف پیش رفت ہو اور اساتذہ وطلبہ احساس ذمہ داری کے جذبے سے سرشار ہوسکیں نیز طلبہ اپنی جملہ مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے رابطہ کر سکیں۔
الحمدللہ پروگرام توقع سے زیادہ کامیاب رہا ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا پھر نظم پڑھی گئی۔ بعدہ فضیلۃ الشیخ نثار احمد مدنی حفظہ اللہ نے پروگرام کی غرض و غایت بیان کی ۔ پھر ہاسٹل نگراں فضیلۃ الشیخ جمیل احمد ریاضی حفظہ اللہ نے طلبہ کو ہاسٹل کے اندر قیام کے اصول و ضوابط پڑھ کر سنائے۔ مربی انجمن فضیلۃ الشیخ شاہ عالم مدنی حفظہ اللہ نے طلبہ کو ہفتہ واری انجمنوں کے حوالے سے ان کی ذمہ داریاں بتلائیں اور خطابت و تحریری میدان کے نشیب وفراز سے آگاہ کرتے ہوئے رغبت کے فوائد اور عدم رغبت کے نقصانات کا ذکر کیا۔ بعد ازاں فضیلۃ الشیخ ریاض احمد سلفی حفظہ اللہ نے شعبہ مسابقات کے مسئوول کی حیثیت سے طلبہ کو گراں قدر و قیمتی نصیحتیں فرمائیں ، مختلف دلائل و مثالوں سے ان کے درمیان مسابقت کا مزاج اور ماحول ہموار کرنے کوشش کی اور پورے وثوق سےکہا کہ داخلی و خارجی مسابقات سے طلبہ کی اپنی انفرادی شان پیداہوتی ہے ادارے کا نام روشن ہوتا ہے نیز مستقبل میں ایسے طلبہ کو دیگر ادارے ہاتھوں ہاتھ لیتے ہیں اب باری تھی امین المکتبہ فضیلۃ الشیخ شفیق احمد سلفی حفظہ اللہ کی،آپ نے طلبہ کو لائبریری میں کتاب نکالنے اور کتابوں سے استفادہ کرنے کا طریقہ اور لائبریری کو وقت گزاری کا بہترین مصرف قرار دیا ۔ بعدہ شعبہ امتحانات کے مدیر فضیلۃ الشیخ احمد اللہ سلفی حفظہ اللہ نے ادارہ میں امتحانی طریقہ کار اور اس کی پالیسیوں سے متعلق طلبہ کو آگہی فراہم کی، امتحان کا بے جا خوف اعصاب پر سوار کرکے شکستہ خاطر ہوجانے یا ڈپریشن کا شکار ہونے کی بجائے حوصلہ مندی کےساتھ امتحانات کے ڈگر سےگذرنے اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دلائی اور سال بھر میں منعقد ہونے والے امتحانات کا ٹائم ٹیبل اور طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی ۔ بعدہ مشرف مجلہ التوحید فضیلۃ الشیخ عبدالرزاق محمدی حفظہ اللہ نے صحافت کی اہمیت کو بتاتے ہوئے جامعہ کی سالانہ میگزین کے حوالے سے طلبہ کو بڑھ چڑھ کر حِصّہ لینے اور اپنے مضامین سالانہ میگَزین میں شامل اشاعت کرنے پر مختلف زاویوں سے ابھارا ۔ بعدہ شیخ الجامعۃ فضیلۃ الشیخ نثار احمد مدنی حفظہ اللہ نے پوری دلسوزی اور جوش وہمہمہ کے ساتھ طلبہ کو تذکیری خطاب کیا اور انہیں تعلیم و تربیت کے تئیں مخلص اور سنجیدہ ہونے کی تلقین کی،فضولیات سے دور رہنے اورتعلیم پر ترکیز کیلئے ہرممکن تحریک کی،لگے ہاتھ یہ امید افزا خوش خبری بھی سنائی کہ طلبہ کا مستقبل روشن ہے ان شاء اللہ اور مختلف ملکی و غیر ملکی جامعات سے جامعہ کے معادلے کی کاروائیاں اپنے آخری مراحل میں ہیں ۔
شیخ الجامعہ کے صدارتی خطاب کے فورا بعد آخر میں فضیلۃ الشیخ علی احمد فیضی حفظہ اللہ نے تمام ہی سامعین و حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا_
اس موقع پر لی گئی تصویری جھلکیاں پیش خدمت ہیں۔

کتبہ ابو زید عبدالرزاق محمدی