مہاپولی فارم ہاؤس میں ائمہ وخطباء کا تربیتی اجتماع

مہاپولی فارم ہاؤس میں ائمہ وخطباء کا تربیتی اجتماع

بتاریخ 13/اکتوبر 2022کو جمعیت اہلحدیث ٹرسٹ بھیونڈی نے شہر کے ہنگاموں سے دور جماعت کے ایک رکن کے مہاپولی فارم ہاؤس میں ایک تربیتی اجتماع منعقد کیا جس میں بھیونڈی کے علماء شریک اجتماع ہوئے،شیخ علی فیضی کی تلاوت کے بعدشیخ نثار احمد مدنی نے ائمہ کی ذمے داریوں کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا،امامت منصب سے زیادہ ذمے داری ہے جو دعوت،تربیت،خدمت،حکمت اور کشتئ ملت کی ناخدائی سے عبارت ہے،ائمہ ان ستاروں کی مانند ہیں جو کرہ ارض کے فکری و اخلاقی اندھیاروں کو دور کرتے ہیں،اس لئے آپ کے علم ودانش اور عمل وکردار کے نور سے آپ کا گرد وپیش جگمگانا چاہیے۔
شیخ خالد جمیل مکی نے اصلاح معاشرہ میں مساجد کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خطبہ اور مساجد میں مکاتب اصلاح معاشرہ میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں،ضرورت انھیں موثر بنانے کی ہے،دکتور اجمل منظور مدنی نے منہجی انحراف اور اس کے ہتھکنڈے کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اخوانیت اپنے پرفریب لٹریچر اور سحر انگیز بیانیے سے اہلحدیث نوجوانوں کا شکار کررہی ہے لہذا ان کے اس فکری وعملی فریب سے آگہی ضروری ہے،امیر صوبائی جمعیت اہلحدیث ممبئی شیخ عبدالسلام سلفی نے موجودہ دور میں دعوت دین کی اہمیت کے پیش نظر ایک فاضلانہ خطاب فرمایا،آپ نے فرمایا انبیاء کے دعوتی مشن پر چلتے ہوئے ائمہ وخطباء کو انبیاء کی طرح اسوہ بننے کی کوشش کرنی چاہئے،جماعتی زندگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ایک انتہائی خوبصورت ماحول،نشاط انگیز فضا اور عطر بیز صحبتوں اور روح پرور لمحات میں شب کا ایک پہر گذر گیا،عشائیہ کے بعد شب کےگیارہ بجے آنکھوں میں نیند کا خمار اور بدن میں تکان لیے ہم شہر کی طرف رواں دواں ہوئے کیونکہ دوسرے دن جمعہ اور جامعہ کی ڈیوٹی بھی تھی،اس طرح کی محفلیں اور مجلسیں ہماری دینی وعلمی ضرورت ہیں جہاں ہم شہر کے ہنگاموں سے الگ تھلگ فطرت سے قریب ہوکر سکون کےچند لمحے پاجاتے ہیں اور اپنی مصروف ترین زندگی کیلئے ایک نئی تازگی سے لیس ہوجاتے ہیں۔

سکون دل کے لیے عشق تو بہانہ تھا
وگرنہ تھک کے کہیں تو ٹھہر ہی جانا تھا
فاطمہ حسن